کنڈر جسے 'کنڈرگارٹن' یا ‘early childhood education’ (چھوٹے بچوں کی تعلیم) بھی کہا جاتا ہے، آپ کے بچے کی نشوونما اور سیکھنے کا ایک اہم حصہ ہے۔ بچے کو دو سال کے کنڈرگارٹن پروگرام میں داخل کروانے سے اس کی صلاحیتوں کو فروغ مل سکتا ہے لہذا وہ زندگی اور سکول میں کامیاب ہوتا ہے۔
کنڈرگارٹن کے گھنٹے:
تین سالہ بچوں کے کنڈر پروگرامز فی ہفتہ 5 سے 15 گھنٹوں تک ہوتے ہیں اور چار سالہ بچوں کے کنڈر پروگرامز15 گھنٹوں کے ہوتے ہیں۔
ثابت شدہ نتائج:
کنڈر پروگرام میں جانے والے بچوں میں مختلف صلاحیتیں پروان چڑھنا شروع ہو جاتی ہیں جیسے گنتی اور ہندسوں اور حروف کی پہچان اور مسائل حل کرنا۔ آپ کا بچہ کنڈر میں اعتماد اور خودمختاری حاصل کرے گا اور سماجی اور جذباتی صلاحیتیں حاصل کرے گا۔ اس کا دوسروں سے میل جول ہو گا اور وہ نئے دوست بنائے گا۔
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ جو بچے سکول کے آغاز سے پہلے 2 یا 3 سال کے کنڈر پروگرام میں جا چکے تھے، 16 سال کی عمر میں ان کے انگلش اور ریاضی کے نمبر کنڈر نہ جانے والے بچوں سے بہتر تھے۔
والدین اور کنڈر ایجوکیٹرز کیسے مل کر کام کرتے ہیں:
کنڈر تب زیادہ کامیاب رہتا ہے جب یہ والدین/سنبھالنے والوں، گھرانوں اور اساتذہ کے درمیان پارٹنرشپ کی طرح ہو۔ ماں/باپ یا سنبھالنے والے شخص کی حیثیت سے آپ کا اپنے بچے کی نشوونما میں سب سے اہم کردار ہے۔ آپ بچے کو صحیح اور غلط کا فرق، اپنی زبان، تہذیب اور رحمدلی اور احترام جیسی اقدار سکھاتے ہیں۔ اساتذہ آپ کے ساتھ کنڈر میں ہونے والی چیزوں کے متعلق بات کریں گے اور گھر میں بچے کا سیکھنا جاری رکھنے کے طریقے بتائیں گے۔ وہ آپ کے بچے کی دلچسپیوں کے متعلق اور اس بارے میں جاننا چاہتے ہیں کہ بچہ کیسے سیکھنا پسند کرتا ہے۔
آپ کسی بھی وقت اپنے بچے کے کنڈر ٹیچر سے انٹرپریٹر (زبانی مترجم) کا انتظام کرنے کے لیے کہ سکتے ہیں۔ آپ کو روبرو یا فون پر یا وڈیو کال پر انٹرپریٹر مل سکتا ہے۔ یہ سروس لینے کے لیے گھرانوں کو کوئی معاوضہ نہیں دینا پڑتا۔
کنڈر میں کیا ہوتا ہے:
اساتذہ بچوں کو کھیل کے ذریعے سیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ سرگرمیوں میں ڈرائنگ، گانا، چڑھائیاں چڑھنا، کھلی جگہوں پرکھودنا اور بھاگنا دوڑنا، کھلونوں کے ساتھ کھیلنا اور کتابیں پڑھنا شامل ہو سکتا ہے۔ کھیل سے بچوں کو تخیّل استعمال کرنے اور دریافتیں کرنے کی ترغیب ملتی ہے جس کے ساتھ ساتھ بچے دوسروں سے شیئر کرتے ہوئے اور باری لیتے ہوئے تعاون کرتے ہیں۔ بچے آوازوں، حروف اور زبان کے متعلق سیکھیں گے جس میں انگلش بولنا اور سمجھنا بھی شامل ہے۔
کنڈرز ہماری ملٹی کلچرل کمیونٹی کا حصہ ہیں:
کنڈر پروگرامز سب پس منظروں کے والدین کو اپنی کمیونٹیوں کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ ایسی جگہ ہیں جہاں والدین مل سکتے ہیں اور ایک دوسرے کو اپنی داستانیں سنا سکتے ہیں اور ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں۔
اساتذہ آپ کے بچے اور آپ کی تہذیب کے متعلق جاننا چاہتے ہیں۔ اس سے انہیں ایسے پروگرام تیار کرنے میں مدد ملتی ہے جو آپ کے بچے کے لیے بامعنی ہوں جن میں ثقافتی دنوں اور تہواروں کی بنیاد پر سرگرمیاں اور پروگرام بھی شامل ہیں اور وکٹوریا میں تہذیبی تنوّع کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
اساتذہ سرگرمیوں میں سب کو شریک کرتے ہیں لہذا انگلش نہ بولنے والے بچوں کو بھی دوسرے بچوں کے برابر کھیلنے اور سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ کچھ کنڈر پروگرامز میں انگلش نہ بولنے والے یا کم انگلش بولنے والے بچوں کی مدد کرنے کے لیے دو زبانیں بولنے والے ایجوکیٹرز ہوتے ہیں۔ بچوں کو دوسروں کے ساتھ اچھا نباہ کرنا اور دوسروں کو قبول کرنا اور تہذیبی فرق کا احترام کرنا بھی سکھایا جاتا ہے۔
کنڈرگارٹن پروگرامز کی قسمیں
بچے تین سالہ بچوں کا کنڈر پروگرام لانگ ڈے کیئر (جسے چائلڈ کیئر بھی کہا جاتا ہے) سنٹر میں لے سکتے ہیں یا سٹینڈ الون (جسے سیشنل بھی کہا جاتا ہے) کنڈر سروس میں لے سکتے ہیں۔ بالعموم یہ مراکز چار سالہ بچوں کا کنڈر پروگرام بھی پیش کرتے ہیں۔
لانگ ڈے کیئر سنٹر تعلیم اور نگہداشت کا پورا دن فراہم کرتا ہے جس میں کنڈر پروگرام بھی شامل ہے۔ استاد کی قیادت میں کنڈر پروگرام کو تعلیم اور نگہداشت کے اضافی گھنٹوں کے ساتھ ملایا جا سکتا ہے۔
سٹینڈ الون سروس میں کنڈر پروگرام صرف مخصوص دنوں اور مخصوص اوقات میں چلے گا۔ سٹینڈ الون سروس بالعموم سال میں سکول ٹرم کے دوران 40 ہفتے کام کرتی ہے اور سکولوں کی چھٹیوں میں بند رہتی ہے۔ یہ دن اور گھنٹے کنڈر سروس طے کرتی ہے۔
Updated