گھرانوں کے لیے گائیڈ
آپ کی کنڈر کِٹ کے بارے میں معلومات
کھیل بچے کو سیکھنے اور نشوونما میں مدد دینے کا پرلطف اور دلچسپ طریقہ ہے۔ والدین، کیئررز اور گھرانے اس سفر کا ایک بہت اہم حصہ ہیں۔
کنڈر کِٹس میں کتابیں، تعلیمی کھلونے اور سرگرمیاں ہیں جن سے بچے اور ان کے گھر والے گھر میں لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
ہر کنڈر کِٹ میں خاص طور پر تین سال عمر کے بچوں کے لیے بنائی گئی چیزیں شامل ہیں۔
وکٹورین چھوٹے بچوں کی تعلیم اور نشوونما کا فریم ورک
چھوٹے بچوں کے اساتذہ اور ایجوکیٹرز بچوں کو پھلنے پھولنے اور سیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
کنڈرگارٹن پروگرامز وکٹورین چھوٹے بچوں کی تعلیم اور نشوونما کا فریم ورک (Victorian Early Years, VEYLDF Learning and Development Framework) استعمال کرتے ہیں۔
آپ کی کنڈر کِٹ میں شامل ہر چیز VEYLDF میں تعلیم اور نشوونما کے اہداف میں سے 1 ہدف یا کئی اہداف سے تعلق رکھتی ہے:
شناخت
تعلیم
کمیونٹی
کمیونیکیشن
خوش باش زندگی
بیک پیک
کنڈر کِٹ بیک پیکس کو ہر روز استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آپ کا بچہ پشت پر لگے گتے کے ٹیک پر ڈرائنگ کی مشق کر سکتا ہے اور اس ڈرائنگ کی وجہ سے اپنے بیگ کو پہچان سکتا ہے۔
بیک پیک کی تہیں کھول کر اسے سیدھا کریں اور ویلکرو ٹیبز سے ٹکا لیں۔ فیلٹ والی سطح کو تصورّاتی کھیل کے لیے استعمال کریں۔
بیک پیک کے سٹریپس کو کسیں یا ڈھیلا کریں تاکہ بیگ آپ کے بچے کی کمر پر رہے۔
فیلٹ سٹیکرز سے ایک باغیچہ بنائیں۔
بچے کو نام والے ٹیگ پر ڈرائنگ کرنے کی ترغیب دیں۔
لکھنا سیکھنے کے لیے درکار صلاحیتوں کی مشق کریں۔
پڑھنا
پڑھنا گھر بھر کے اکٹھے وقت گزارنے کا ایک بہت اچھا طریقہ ہے۔ مل کر پڑھنا، سیکھنے کے اہم ترین طریقوں میں سے ایک طریقہ ہے۔
بچے کے ساتھ ایک مقررہ وقت پر باقاعدگی سے کہانیاں سنانے اور پڑھنے سے اس کی تصوّراتی قوت اور الفاظ میں اضافہ ہو گا۔
مل کر کتاب منتخب کریں۔
کسی آرام دہ جگہ پر سکون سے بیٹھ کر پڑھیں۔
بچے کو اس بارے میں اپنے خیالات بتانے کا موقع دیں کہ کہانی میں آگے کیا ہونے والا ہے۔
آوازیں بنا بنا کر پڑھیں۔
ڈرائنگ کرنا اور نشانات بنانا
ڈرائنگ کرنے اور نشانات بنانے سے بچوں کو تخلیقی انداز میں اپنی سوچ کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ کاغذ پر مومی رنگوں سے تجربات کر کے بچے:
انگلیوں کے استعمال کی صلاحیت بڑھاتے ہیں جو لکھنا سیکھنے کے لیے اہم ہے
اپنے ہاتھوں اور آنکھوں کا ربط بہتر بناتے ہیں
رنگوں، شکلوں، پیٹرنز (سلسلوں) اور لکیروں کے متعلق سیکھتے ہیں
اپنی تخلیقی قوت کا اظہار کرتے ہیں
دوسروں کو اپنے خیالات بتاتے ہیں۔
اپنے بچے کو ڈرائنگ کا مزا لینے کی ترغیب دیں۔ ڈرائنگ سے خود اعتمادی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ڈرائنگ کرنے کے دوران باتیں کریں۔
رنگوں اور شکلوں پر غور کریں اور انہیں نام دیں۔
تخلیقی سرگرمیاں
تخلیقی کھیل آپ کے بچے کی 5 حسوّں کو تحریک دیتے ہیں یعنی - دیکھنا، سونگھنا، سننا، چھونا اور چکھنا۔ یہ اپنے گردوپیش کی دنیا میں دریافتیں کرنے اور اس کے متعلق سیکھنے کا دلچسپ طریقہ ہے۔
بلاکس کا مینار بناتے ہوئے حوصلہ بلند رکھنے کی مشق کریں۔ اگر مینار گر جائے تو آپ کا بچہ 3 گہرے سانس لینے کے بعد پھر سے کوشش کر سکتا ہے۔
پلے ڈو کو ہتھیلیوں سے رول کریں پھر اس سے دوسری شکلیں بنائیں، اسے چپٹا کریں، دبائیں۔
مل کر میوزک بنائیں۔ تالی سے یا مختلف گھریلو چیزوں پر تال دے کر مختلف ردھم اور دھنیں تخلیق کریں۔
کھلی جگہوں پر کھیل
کسی بڑے کی نگرانی میں کھلی جگہ پر کھیلنا بچے کے بڑھنے، نشوونما پانے اور خوش و خرم رہنے کے لیے اہم ہے۔
بچے:
فطرت کے متعلق سیکھ کر دریافتیں کر سکتے ہیں اور سائنس سے ناتا جوڑ سکتے ہیں
آزادی کا احساس حاصل کر سکتے ہیں
دوسرے بچوں کے ساتھ سماجی واسطہ بنا سکتے ہیں
دریافتیں کر سکتے ہیں اور سیکھ سکتے ہیں کہ کھیل میں اچھے فیصلے کیسے کیے جائیں
پورے جسم کی حرکت، ہاتھوں اور آنکھوں کے ربط، انگلیوں کے استعمال اور تخلیقی صلاحیتوں میں بہتر بن سکتے ہیں۔
پتوں کے متعلق باتیں کریں اور مختلف رنگوں اور شکلوں کو نام دیں۔
مل کر بیج بوئیں۔
فطرت کے ساتھ تعلق بنائیں ماحول کے تحفظ کے متعلق باتیں کریں۔
ریت کے قلعے بنائیں۔
ڈراما کھیلنا
ڈراما کھیلنے سے بچوں کو تصورّاتی کہانیوں کو ڈرامائی شکل دینے اور دوسرے کرداروں کی عکاسی کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔
بچے ڈرامے کے کھیل کو زبان اور سماجی تعلقات کے لیے اہم صلاحیتوں کی مشق کے لیے استعمال کرتے ہیں جن میں یہ شامل ہیں:
نئی دنیائیں دریافت کرنا اور تخلیق دینا
دوسروں کو اپنی چیزوں میں شریک کرنا اور باریاں لینا
ایک دوسرے کے ساتھ واسطے اور بات چیت کے ذریعے سمجھوتے کرنے کے طریقے۔
انگلش اور دوسری زبانوں میں جانوروں کے نام بتائیں۔
کردار تخلیق کریں۔
کہانیاں گھڑیں۔
احساسات اور مختلف جذبات کے متعلق سیکھنے اور ان کا اظہار کرنے کے لیے پتلیوں کو استعمال کریں۔
گیمز
گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ گیمز کھیلنا بچے کی سماجی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا عمدہ طریقہ ہے۔
گیمز سے بچوں کو حساب، زبان اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں حاصل ہوتی ہیں۔
گیم کے اصول سیکھیں اور باریاں لینے کی مشق کریں۔
مسائل کے حل اور یادادشت سے کام لینے کی مشق کریں۔
ہندسوں کے متعلق بات کریں اور چیزوں کو گننے کی مشق کریں۔
دوسروں سے تعلق بنانا
بچے کھیل کے ذریعے ہی خود کو اور اپنے ارد گرد موجود دنیا کو دریافت کرتے ہیں اور اس بارے میں سیکھتے ہیں۔ بچوں کے لیے پڑھائی اور کھیل کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ کنڈر کِٹ میں موجود چیزوں سے آپ کو انسانی تنوّع اور مختلف تہذیبوں کے متعلق بات چیت کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اپنے بچے سے دوسرے ممالک اور وہاں کے مقامی جانوروں کے بارے میں بات کریں۔
دنیا کا نقشہ دیکھ کر معلوم کریں کہ مختلف زبانیں کن علاقوں کی اصل زبانیں ہیں۔
شناخت کا احترام
بچوں کو سب تہذیبوں کے بارے میں سیکھنے کی ترغیب دے کر آپ افہام و تفہیم، دوسروں کو قبول کرنے اور فخر کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ایبوریجنل اور ٹورس سٹریٹ آئی لینڈر تہذیبیں اور یہاں وکٹوریہ میں Koorie تہذیبیں آج بھی زندہ اور پھلتی پھولتی ہوئی تہذیبیں ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری کِٹس میں یہ مصنفین اور آرٹسٹوں کی حیثیت سے شامل ہیں۔ یہاں کچھ سرگرمیاں بتائی جا رہی ہیں جن سے آپ کا بچہ Koorie روایات اور تہذیبوں کے متعلق مزید سیکھ سکتا ہے:
چیزوں یا جانوروں کے لیے Koorie علامات سیکھیں
Koorie تہذیبوں، رہنماؤں اور ہیروز کے متعلق سیکھیں اور بات کریں
دھرتی کے اقرار کی اہمیت معلوم کریں
Victorian Aboriginal Education Association Inc کی ویب سائیٹ پر ایسی مزیدار اور دلچسپ سرگرمیاں موجود ہیں جن سے Koorie روایات اور تہذیبوں کا علم ہوتا ہے۔ مزید جاننے کے لیے ویب سائٹ وزٹ کریں۔
Auslan میں کتابیں
Auslan اشاروں کی زبان ہے جو وکٹوریہ کے چھوٹے بچوں کے لینگوئج پروگرام میں استعمال کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام چار سالہ بچوں کے کچھ کنڈرگارٹنز میں دستیاب ہے۔
بچوں کے لیے چھوٹی عمر سے ہی ایک اور بھی زبان سیکھنے کے بہت سے فوائد ہیں جن میں یہ شامل ہیں:
پڑھنا اور لکھنا سیکھنے کے لیے درکار صلاحیتوں میں اضافہ
ذہنی و عقلی لچک
عزت نفس میں اضافہ اور زیادہ خوش باش رہنا
اپنی تہذیبی شناخت کا قوی احساس۔
2025 Kinder Kit میں شامل بہت سی کتابوں کا Auslan میں ترجمہ دستیاب ہے۔
Auslan میں جذبات کا اظہار کریں۔
Auslan میں ہیلو کہیں۔
بچوں کا خوش و خرم رہنا اور اضافی مدد
تمام بچے مختلف طریقوں سے اور اپنی رفتار سے سیکھتے ہیں۔ کنڈر کِٹس آپ کے بچوں کو ایسی کتابیں اور تعلیمی کھلونے فراہم کرتی ہیں جنہیں تمام صلاحیتوں کو چیلنج کرنے کے لیے بہت سے مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ یا آپ کے بچے کو مزید مدد کی ضرورت ہو تو مندرجہ ذیل ذرائع سے مدد مل سکتی ہے:
چھوٹے بچوں کے اساتذہ کو ایسی صلاحیتیں اور علم حاصل ہے کہ وہ مدد دے سکیں۔ اپنے سوالات کے بارے میں چھوٹے بچوں کے استاد سے بات کریں۔
اپنے سوالات پر بات کرنے کے لیے اپنے ڈاکٹر یا زچہ و بچہ کی صحت کی نرس سے ملنے کے لیے اپائنٹمنٹ بک کریں۔
مفت، رازدارانہ کاؤنسلنگ (رہنمائی) اور مدد کے لیے 89 22 13 پر Parentline کو کال کریں۔
چھوٹے بچوں کی تدریس کے کیریئرز
وکٹوریہ کے بڑھتے ہوئے کنڈرگارٹن سیکٹر میں کیریئر بنانے پر غور کریں۔ آپ کو چھوٹے بچوں کا استاد یا ایجوکیٹر بننے میں مدد دینے کے لیے یہ سہولیات مہیا ہیں:
تعلیم کے مختلف لچکدار انتظامات
خطیر سکالرشپس
مالی فوائد۔
اپنی کنڈر کٹ عطیہ کرنا
جب آپ کا بچہ اپنی کنڈر کِٹ کی سب چیزیں استعمال کر لے تو یہ کِٹ کسی چیریٹی کو دینے پر غور کریں تاکہ کوئی اور ان سے خوشی پائے اور انہیں استعمال کرے۔
ایک چیز کسی کو دینے کے قابل ہے یا نہیں، یہ فیصلہ کرنے کے لیے ایک رہنما اصول یہ ہے: کیا میں یہ اپنے کسی دوست کو دیتا؟ اگر جواب ہاں میں ہو تو یہ چیز چیریٹی کو دینا مناسب ہے۔
موزوں چیزیں عطیے میں دینا وسائل کو سلامت رکھنے اور ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔
Updated